سویڈن کا ورک پرمٹ‌ اپلائی کرنے کا طریقہ

جو غیر ملکی سویڈن میں 3 ماہ سے زائد عرصہ کام کرنا چاہتے ہوں‘ ان کو سویڈش مائیگریشن بورڈ سے ورک پرمٹ حاصل کرنا ہو گا. ایسے افراد جو کسی کمپنی کی طرف سے محض ٹریننگ حاصل کرنے کے لیے آئے ہوں‘ اس کا عرصہ 3 ماہ سے زیادہ ہو تو ان کو بھی ورک پرمٹ حاصل کرنا پڑے گا۔ تاہم خود روزگار والے افراد یعنی کہ بزنس مین جو کہ اپنی کمپنی یا کاروبار شروع کریں ان کو ورک پرمٹ کی ضرورت نہیں ہو گی ان کو صرف رہائشی پرمٹ حاصل کرنا ہو گا۔ یاد رہے کہ ورک پرمٹ سے پہلے رہائشی پرمٹ ملنا ضروری ہے۔
ورک پرمٹ کیلئے اہلیت
٭ سویڈن میں نوکری کی باقاعدہ پیشکش ہو۔
٭ اس ملازمت سے کم از کم 13 ہزار کرونا ماہانہ آمدن ہو جس سے اپنے اخراجات آسانی سے چلا سکیں اور ٹیکس ادا کر سکیں۔
٭ کمپنی کے مالک نے آپ کو ملازمت دینے سے قبل سویڈن اور یورپی یونین میں 10 روز تک اس کا اشتہار دیا ہو۔
٭ جاب کے لیے شرائط اور مراعات سویڈش معاہدوں کے مطابق ہوں۔
٭ متعلقہ شعبہ کی لیبر یونین سے اس ملازمت کے معاہدہ سے متعلق تبصرہ لیا گیا ہو۔
ورک اینڈ ریذیڈنس پرمٹ کیلئے کہاں اپلائی کیا جائے؟
آپ ورک پرمٹ کے لیے اپنے ملک یعنی پاکستان میں رہتے ہوئے ہی اپلائی کریں گیجس کے لیے فیڈیکس سینٹر پر جانا ہو گا۔ یاد رہے کہ سویڈن میں زیرتعلیم غیرملکی طلباء اور وہاں آباد پناہ گزین ورک پرمٹ کے لیے سویڈن میں براہ راست مائیگریشن بورڈ میں اپلائی کر سکتے ہیں۔ آپ کے بیوی بچے بھی آپ کے ساتھ ورک پرمٹ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں اور وہاں آپ کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔
پرمٹ کی مدت
اگر ملازمت عارضی ہے تو اس کی مدت کے حساب سے ورک اور رہائش کے پرمٹ جاری ہوں گے تاہم ایک بار زیادہ سے زیادہ 2سال کا پرمٹ دیا جاتا ہے پھر اس میں ملازمت جاری رہنے کی صورت میں توسیع ہوتی رہتی ہے۔
ملازمت کی تبدیلی یا منسوخی
سویڈن میں غیرملکیوں کو عارضی ملازمتیں ہی ملتی ہیں۔ اگر ملازمت منسوخ ہو جائے تو آپ کو 3 ماہ کے اندر اندر نئی نوکری ڈھونڈنا ہو گی وگرنہ ریذیڈنس پرمٹ منسوخ کر دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ورک پرمٹ خودبخود ختم ہو جاتا ہے۔ مزید برآں پہلے دو سال میں نوکری یا شعبہ تبدیل کرنا پڑے تو اس کے لیے آپ نئے ورک پرمٹ کے لیے اپلائی کریں گے تاہم 2سال بعد اس طرح کی صورتحال کا سامنا ہو تو نئے ورک پرمٹ کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ 2سال بعد پرمٹ میں توسیع کراتے رہیں گے۔
ورک پرمٹ اپلائی کرنے کیلئے دستاویزات
فیڈیکس پر آپ اپنی درخواست خود جمع کرائیں اور مندرجہ ذیل کاغذات ساتھ لے کر جائیں۔
٭ مکمل پرشدہ درخواست فارم کے دو سیٹ (فارم نمبر103031)
٭ فیس جمع کروانے کی رسید۔
٭ اصل پاسپورٹ اور شناختی کارڈ (واپس کر دیئے جائیں گے)
٭ 2پاسپورٹ سائز رنگین تصاویر مکمل چہرے کے ساتھ (آپ کی نظریں براہ راست کیمرہ کی طرف ہوں) ہلکے بیک گراؤنڈ میں‘ جو چھ ماہ سے زیادہ پرانی نہ ہوں۔ آپ کی اچھی مطابقت رکھتی ہوں‘ ننگے سر جہاں کوئی خاص مذہبی وجوہ نہ ہوں۔
٭ پاسپورٹ کے پہلے دو صفحات اور قومی شناختی کارڈ کی دو دو فوٹو کاپیاں۔
٭ سویڈن میں ملازمت کی تحریینری پیشکش فارم‘ یہ فارم آپ کا آجر نیشنل لیبر مارکیٹ بورڈ کی ویب سائٹ سے حاصل کر سکتا ہے۔ کائنٹی لیبر بورڈ سے منظوری کے بعد آپ کا آجر یہ فارم آپ کو روانہ کرے تاکہ آپ اسے اپنی درخواست کے ساتھ منسلک کریں۔
٭ آپ کا آجر آپ کی تنخواہ‘ انشورنس کوریج اور ملازمت کے دیگر قواعد کی گارنٹی دے‘ جو کم از کم مشترکہ معاہدہ یا سویڈش پیشہ وارانہ قوانین کی برانچ آف ٹریڈ کے برابر ہو۔
٭ آپ کے لیے سویڈن میں رہائش کا بندوبست ہو۔
٭ آپ پوری طرح تیار ہوں کہ مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد آپ سویڈن چھوڑ دیں گے۔ اس کے لیے بیان حلفی دینا ہو گا۔
نوٹ: درخواست کی وصولی کے بعد آپ کو انٹرویو سے متعلق تاریخ اور وقت کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ انٹرویو کی مدت انتظار کا وقت زیادہ سے زیادہ 2سے 4ہفتہ تک ہے۔ انٹرویو کے بعد آپ کی درخواست فیصلہ کے لیے سویڈش مائیگریشن بورڈ کو ارسال کر دی جائے گی۔

آپ یہ صفحات بھی دیکھنا پسند کریں گے ۔ ۔ ۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »
error: Content is protected !!
%d bloggers like this: